واشنگٹن،25جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بلقان کے خطے کی ریاستوں کوسووو اور سربیا نے آپس کی کشیدگی کو کم کرنے پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں یورپی یونین کے صدر دفتر میں یونین ہی کی کوششوں سے دونوں ملکوں کے لیڈروں نے دو طرفہ رابطوں اور تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ابتدائی مذاکرات کیے۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے کوسووو کے صدر ہاشم تاچی اور وزیر اعظم عیسیٰ مصطفیٰ کی اپنے اپنے ہم منصبوں ٹومیسلاو نکولِچ اور الیگزانڈر وُوچچ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو حوصلہ افزا قرار دیا۔ یہ بات چیت کل منگل کی رات گئے تک برسلز میں ہوئی۔ موگیرینی نے یہ بھی واضح کیا کہ مذاکراتی عمل سے دونوں ملکوں کے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات میں بھی بہتری پیدا ہو گی۔